شائع 17 دسمبر 2020 03:07pm

فاسٹ بولر محمد عامر کے معاملے پر پی سی بی کا بیان آگیا

لاہور: فاسٹ بولر محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی اطلاعات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا محمد عامر سے رابطہ ہوا ہے۔

پی سی بی کے مطابق عامر نے وسیم خان کو تصدیق کی ہے کہ وہ مزید انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے لہذا آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کیلئے ان کے نام پر غور نہ کیا جائے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ محمد عامر کا ذاتی فیصلہ ہے اور بورڈ اس کا احترام کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ٹیم مینجمنٹ کے رویے سے ناراض ہوکر آج پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

نجی ٹی وی کے صحافی شعیب جٹ کے ساتھ گفتگو میں عامر نے کہا کہ مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کیا جارہا ہے، ہر بات پر یہی طنز کیا جاتا ہے کہ آپ پر پاکستان نے بہت انویسٹ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ موجودہ مینجمنٹ کے انڈر کھیل سکتا ہوں، میں کرکٹ چھوڑ رہا ہوں، میں نے 2010 سے 2015 تک بہت ٹارچر برداشت کیا ہے۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ کرکٹ میں دوبارہ واپسی کا کریڈٹ میں دو بندوں (نجم سیٹھی اور شاہد آفریدی) کو دیتا ہوں، ان دو بندوں نے مشکل وقت میں میرا بہت ساتھ دیا، میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ میرا ذاتی فیصلہ تھا مگر اسے اس طرح پیش کیا گیا جیسے میں ملک کیلئے کھیلنا ہی نہیں چاہتا، "ارے بھائی ملک سے کون نہیں کھیلنا چاہتا"؟ مزید کہا کہ کبھی بولنگ کوچ کہتے ہیں عامر نے ڈچ کردیا تو کبھی کہتے ہیں اس کا ورک لوڈ نہیں تھا۔

محمد عامر نے مزید کہا کہ جب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے اعلان کردہ 35 کھلاڑیوں میں میرا نام نہیں آیا تو مجھے دبے لفظوں میں کہا گیا کہ بھائی صاحب آپ ہمارے مستقبل کے پلان میں نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی پاکستان واپس پہنچا ہوں، ایک یا دو دن میں اپنی فیملی سے ملاقات کے بعد کرکٹ چھوڑنے کا حتمی اور باضابطہ اعلان کروں گا۔

Read Comments