1988 سے 1990 تک شہباز شریف کے تنخواہ نہ لینے کی تصدیق
سیکریٹری پنجاب اسمبلی نے 1988 سے 1990 تک شہباز شریف کے تنخواہ نہ لینے کی تصدیق کردی۔۔
شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت احتساب عدالت لاہور میں ہوئی۔ نیب کے گواہ ڈپٹی سیکرٹری پنجاب اسمبلی فیصل بلال پر جرح شروع ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف نے 1988 سے 1990 تک کوئی تنخواہ اور مراعات حاصل نہیں کیں۔
شہباز شریف نے عدالت سے بولنے کی اجازت طلب کی اور کہا کہ بطور وزیراعلیٰ انہوں نے پیٹرول اور دیگر مراعات نہیں لیں۔ کمر کی تکلیف اور کینسر کا مرض لاحق ہوا لیکن کوئی اخراجات حاصل نہیں کئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ سرکاری گھر میں کبھی نہیں رہے، بجلی اور گیس کے بل وصول نہیں کئے، اپنی تنخواہ انہوں نے گلاب دیوی ہسپتال اور دیگر اداروں کو دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے قوم کے اربوں روپے بچائے، یہ حقائق سامنے آئیں گے تو فیصلہ ہوسکے گا۔
عدالت میں دوسرے گواہ اسسٹنٹ الیکشن کمشنر طیب زوار بخاری پر بھی جرح مکمل کی گئی۔ شہباز شریف کے وکیل کی استدعا پر تیسرے گواہ پر جرح آئندہ سماعت بائیس دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔