آرمی پبلک سکول کے المناک تاریخی سانحے کو 6 برس بیت گئے
سانحہ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج پشاور پر دہشتگرد حملے کے المناک تاریخی سانحے کو چھ برس بیت گئے، آج کے دن دشمن نے ملک کے مستقبل کو نشانہ بنایا۔ آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرکے اسکول پرنسپل، اساتذہ اور طلبا سمیت 130 افراد کو شہید کردیاگیا۔ پاک فوج کے جانباز سپاہیوں نے حملہ آور سمیت تمام افراد کو واصل جہنم کیا۔ اس سانحے میں شہید طلباء اور بچوں کی یادیں آج بھی رلادیتی ہیں۔
16 دسمبر 2014 کو آرمی پبلک اسکول پشاور میں ہونے والے سانحہ کے زخم آج بھی ہرے ہیں، چھ سال قبل آج ہی کے دن ماؤں پر قیامت ٹوٹی تھی۔ دہشت گردوں نے ورسک روڈ پشاور کی درسگاہ میں موجود لخت جگروں کا قتل عام کیا تھا۔
قلموں کی سیاہی نے قلبوں کے لہو کا روپ دھارا تھا، طلباء اور پرنسپل طاہرہ قاضی سمیت 130 سے زائد افراد شہید ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز نے 6 گھنٹے سے زیادہ کے آپریشن کے بعد ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا۔
اس دلخراش واقعے کے بعد پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کو عزم کو جلا بخشی، اے پی ایس کے بچوں اوراساتذہ کے لہو سے جلتے دیے ہمیشہ دہشتگردی سے نفرت اور امن سے محبت کلا پیغام دیتے رہیں گے۔