پچاس ہزار کرسیاں بھرگئیں تو سیاست چھوڑ دوں گا، فیاض الحسن چوہان
وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن کو چیلنج دے دیا۔
فیاض الحسن کا کہنا ہے کہ اگر اپوزیشن نے پچاس ہزار کرسیاں بھر دیں تو وہ سیاست کو خیر باد کہہ دیں گے۔
دوسری جانب ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی طاقت کو نہیں روک سکتی، جلسے کی اجازت دینا کوئی مہربانی نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پورا ملک مینار پاکستان پرعوام کا سیلاب دیکھے گا۔
مریم اورنگزیب نے کارکنوں سے ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ آج کا جلسہ حکمرانوں کی نیندیں اڑا دے گا، عوام کٹھ پتلی حکمرانوں کو الوداع کہنے مینار پاکستان پہنچیں گے، جیالے اپنے قائد بلاول بھٹو کا والہانہ استقبال کریں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا حکومت کے گالم گلوچ بریگیڈ کی عوام میں کوئی حیثیت نہیں۔ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری سے نجات کیلئے لاہور کے عوام گھروں سے نکلیں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا ہم کٹھ پتلی کو نکال کر کسی مداخلت کے بغیر الیکشن چاہتے ہیں۔