افتخار شلوانی کی جگہ لئیق احمد ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات
سندھ حکومت میں بڑے پیمانے پر تبادلے اور تعیناتیاں کردی گئیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شلوانی کو محکمہ سروسز رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سیکرٹری ایکسائز لئیق احمد کو نیا ایڈمنسٹریٹر کراچی مقرر کردیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیکریٹری ٹریننگ اینڈ ریسرچ نوید شیخ کو کمشنر کراچی تعینات کیا گیا ہے۔
محمد نوازشیخ کو وزیراعلیٰ انسپیکشن اینڈ انکوائری ٹیم چیئرمین تعینات کیا گیا ہے، جبکہ سیکریٹری خوراک عبدالحلیم شیخ کو سیکریٹری ایکسائز کا اضافی چارج مل گیا۔
روشن علی شیخ کو سیکریٹری سماجی بہبود تعینات کردیا گیا، تمیز الدین کھیڑو کو سیکریٹری ٹریننگ اینڈ ریسرچ مقرر کردیا گیا۔
سید سیف الرحمان گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری تعینات ہوگئے، معطل سیکریٹری سجاد حسین عباسی کو بحال کرکے ممبر الیکشن اتھارٹی بنادیا گیا ہے۔
سعید احمد منگنیجو کو سیکریٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کوآرڈینیشن تعینات کیا گیا ہے، جبکہ محمد ریاض الدین کو سیکریٹری انڈسٹریز و کامرس مقرر کردیا گیا۔
فرحان غنی ایڈیشنل سیکریٹری گورنر سیکریٹریٹ تعینات کردیئے گئے، نسیم الحسن سھتو سیکریٹری جی اے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کوآرڈینیشن تعینات کردئیے گئے۔