حکومت سے مذاکرات نہ کرنے پر اتفاق
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کے درمیان جاتی عمرہ میں ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ حکومت سے مذاکرات نہیں کئے جائیں گے،اور حکومت کے خاتمے تک پی ڈیم ایم کی تحریک جاری رہے گی۔پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت مینار پاکستان پر ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے جاتی عمرہ لاہور میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز سے ملاقات کرکے انکی دادی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سیاسی صورتحال، پی ڈی ایم کے تیرہ دسمبر کے جلسے اور جلسے کے بعد لانگ مارچ سے متعلق لائحہ عمل طے کیا گیا۔
ملاقات کے بعد دونوں رہنماوں نے میڈیا سے گفتگو کی، بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کے سہولتکاروں کو اب سوچنا ہوگا، اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت کے خاتمے اور حکومت کے گھر جانے تک اپوزیشن کی تحریک جاری رہے گی۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول کا کہنا تھا کہ استعفوں کے ایشو پر دراڑ ڈالنے کی حکومتی کوشش ناکام ہوگی، اکتیس دسمبر تک سب اراکین اسمبلی کے استعفے قائدین کے پاس ہوں گے۔پی ڈی ایم کا لانگ مارچ تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہوگا۔
پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت ختم ہونے تک جدوجہد جاری رہے گی،
اس موقعے پر لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ خدا کے لہجے میں بات کرنے والا عمران خان اب وزراٗ کے ذریعے بات چیت کرنا چاہتا ہے، مگر پی ڈیم ایم اب انہیں این آر او نہیں دے گی۔
ملاقات میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو عمران خان دھمکیاں دے رہا تھا وہ اب مذاکرات کی بات کررہا ہے، مگر اب پی ڈی ایم انہیں این آراو نہیں دے گی۔
دونوں رہنماوں کا کہنا تھا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود تیرہ دسمبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ مینار پاکستان پر ہی ہوگا۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ وہ تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ کرنے جارہے ہیں۔