اپ ڈیٹ 11 دسمبر 2020 01:13pm

مریم نواز سمیت ن لیگی قیادت کیخلاف مختلف تھانوں میں 7 مقدمات درج

لاہور میں مسلم لیگ (ن)کی عوامی رابطہ مہم ریلی کیخلاف پولیس نے نائب صدر مریم نواز سمیت لیگی قیادت کیخلاف مختلف تھانوں میں 7 مقدمات درج کرلئے ، ایف آئی آرز میں روڈ بلاک، کورونا ایس او پیز اور ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

گزشتہ روز مسلم لیگ ن نائب صدر مریم نواز نے جاتی امراء سے داتا دربار تک ریلی نکالی تھی ،لاہور پولیس نے ریلی کے راستوں پر آنےوالے تھانوں میں 7 مقدمات درج کرلئے ۔

گوالمنڈی پولیس نے پٹواری ظفر عباس کی مدعیت میں 2مقدمات جبکہ لوہاری گیٹ ، مزنگ ، کوٹ لکھپت اور اچھرہ پولیس نے ایک ایک مقدمہ درج کیا ہے جبکہ رائیونڈ میں بھی 16معلوم اور 200 نامعلوم لیگی ارکان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے درج ہونے والے مقدمات میں ریلی کے دوران کورونا ایس او پیز خلاف ورزیاں ،اشتعال انگیز تقاریر، ساؤنڈ سسٹم اور سڑکوں کی بندش کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔

پولیس نے لکشمی چوک پر معروف ریسٹورنٹ کے مالک کیخلاف بھی مقدمہ درج کرلیا،ریسٹورنٹ سے گزشتہ روز ریلی کےدوران مریم نواز اور دیگر رہنماوں نے کھانا کھایا تھا۔

مقدمہ تھانہ گوالمنڈی میں درج کیا گیا ہےجبکہ دیگر تھانوں میں درج مقدمات میں 4سے 500نامعلوم لیگی کارکان کو نامز کیا گیا ہے۔

Read Comments