8 میں سے 6 میچز میں شکست کے باوجود گال کی سیمی فائنل میں رسائی
ہمبنٹوٹا: لنکن پریمیئر لیگ کے 19 ویں میچ میں گال گلیڈی ایٹرز نے کینڈی ٹسکرز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
تفصیلات کے مطابق گلیڈی ایٹرز نے کینڈی ٹسکرز کی جانب سے دیا گیا 127 رنز کا ہدف 17 اوورز میں محض ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا اور سیمی فائنل کی ٹکٹ کنفرم کرلی۔
گلیڈی ایٹرز کے اوپنر دانوشکا گوناتھیلاکا نے 94 رنز کی شاندار ناقابل شکست باری کھیلی، حضرت اللہ زازئی نے 20 رنز بنائے جبکہ احسان علی 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹسکرز کے پریرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل گال کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینڈی کی ٹیم محض 126 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، مینڈس 68 رنز بناکر نمایاں رہے تھے جبکہ ٹیلر نے 20، گونارتنے نے 12 اور عرفان پٹھان نے 11 رنز بنائے تھے۔
گال گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ محمد عامر نے 4 اوورز کے کوٹے میں محض 11 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ تھوشار، ساہان اور لکشن بھی 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے تھے۔
گلیڈی ایٹرز کے گوناتھیلاکا کو ناٹ آؤٹ 94 رنز کی لاجواب اننگز کھیلنے پر میچ کا ہیرو قرار دیا گیا۔