شائع 10 دسمبر 2020 12:15am

پی ایس ایل کے پروجیکٹ ایگزیکٹو کامعاہدے میں توسیع نہ لینے کافیصلہ

لاہور: پی ایس ایل کے پروجیکٹ ایگزیکٹو مسٹر شعیب نوید نے اپنے معاہدے میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، ان کے معاہدے کی مدت 23 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شعیب نوید نے پی سی بی کو پچھلے سال جوائن کیا تھا، ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 آغاز سے اختتام تک پاکستان میں منعقد ہوئی، اس سارے ایونٹ کی کامیاب منصوبہ بندی میں ان کا اہم حصہ رہا۔

مسٹر شعیب نوید کا کہنا ہے مجھے اس بات کا فخر ہے کہ میں پاکستان سپر لیگ کا پہلا پروجیکٹ ایگزیکٹیو ہوں۔ پی ایس ایل میں میرے دوسرے دور کی اہم بات یہ ہے کہ ہم پی سی بی کی پوری ٹیم، ٹیم مالکان، سیکیورٹی ایجنسیوں اور مقامی انتظامیہ کے تعاون سے پاکستان میں پورا سیزن کروانے میں کامیاب رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ینگ فیملی کی موجودگی میں یہ محسوس کیا کہ مجھے ایک مختلف چیلنج کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے۔ پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ ہے اور یہ میرے دل کے قریب ہے، میں اس کی مزید کامیابی کیلئے پرامید ہوں۔

شیعب نوید کی رخصتی کے بعد پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کی منصوبہ بندی اور معاملات سنبھالیں گے۔

Read Comments