شائع 09 دسمبر 2020 11:45pm

دمبولا کے سمیع اللہ شنواری نے گلیڈی ایٹرز سے فتح چھین لی

ہمبنٹوٹا: لنکن پریمیئر لیگ کے 17 ویں میچ میں دمبولا وائیکنگز نے سمیع اللہ شنواری کی طوفانی اننگز کی بدولت گال گلیڈی ایٹرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں دمبولا وائیکنگز نے گال گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 169 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کرلیا۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ گلیڈی ایٹرز یہ میچ اپنے نام کرلیں گے مگر سمیع اللہ شنواری نے 20 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بناکر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

دمبولا کی جانب سے سمیع اللہ شنواری کے علاوہ اینجلو پریرا نے 45 اور نیروشن ڈیکویلا نے 38 رنز بنائے۔ گلیڈی ایٹرز کے لکشن نے دو جبکہ عامر، جیسوریا اور سنڈاکین نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

اس سے قبل دمبولا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گال کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 168 رنز بنائے تھے۔ گوناتھیلا 46 اور جیسوریا 39 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

اس کے علاوہ راجاپکسے 31 اور لکشن 23 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ دمبولا کے مینڈس، رجیتھا اور شناکا نے دو دو جبکہ مادوشناکا نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

سمیع اللہ شنواری کو میچ کا ہیرو قرار دیا گیا جبکہ اس شکست کے ساتھ گال گلیڈی ایٹرز کی سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات مزید ماند پڑگئے۔

Read Comments