پی ڈی ایم جلسے کیخلاف درخواست مسترد
کورونا وبا کے ممکنہ پھیلاؤ کی وجہ سے پی ڈی ایم جلسے کے خلاف شہری کی درخواست لاہور ہائیکورٹ نے مسترد کر دی۔
عدالت نے فیصلے میں متعلقہ حکام کو جلسے کی اجازت کے حوالے سے دی گئی درخواست پر دو روز میں فیصلہ کرنے کا بھی حکم دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن نے شہری حارث بن حسن کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے درخواستگزاروں کی جانب سے جلسہ روکنے کی فوری استدعا مسترد کرتے ہوئے حکومت کو بھی دو دن میں جلسے کی اجازت کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے، جلسے کی اجازت کا معاملہ متعلقہ حکام کے زیر غور ہے اور عدالت حکومتی پالیسی میں مداخلت نہیں کر سکتی۔
تاہم عدالت نے سیاسی اجتماعات میں حکومت کو ایس او پی پر عملدرآمد کرانے اور سیاسی جماعتیں اور ان کے کارکنوں کو ایس او پیز پر عمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ 14 صفحات پر مشتمل فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ تمام ادارے این سی او سی کی ہدایات پر پابندی کو یقینی بناٸیں۔