ن لیگی ایم پی اے عظمی بخاری نےاستعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوا دیا
لاہور:مسلم لیگ ن کے اراکین کی جانب سے اسمبلیوں کی رکنیت کے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے،ن لیگ کی رکن پنجاب اسمبلی اور پارٹی کی صوبائی ترجمان عظمی بخاری نے بھی اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوا دیا۔
آج پارٹی قیادت کو استعفے جمع کرانے والوں میں لاہور سے منتخب ہونے والے اراکین صوبائی اسمبلی سمیع اللہ خان، عظمی زاہد بخاری، راحیلہ خادم حسین، عنیزہ فاطمہ اور سرگودھا سے رکن پنجاب اسمبلی ملک صہیب احمد بھرت شامل ہیں۔
اس سے پہلے لاہور سے ایم این اے ملک افضل کھوکھر ایم پی سیف الملوک کھوکھر نے بھی پارٹی قیادت کو استعفے جمع کرائے تھے۔
اس کے علاوہ سرگودھا اور اوکاڑہ سے بھی ن لیگ کے ایک ایک رکن صوبائی اسمبلی نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو بھجوائے تھے، اب تک مجموعی طور پر 9 لیگی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی پارٹی قیادت کے پاس استعفے بھیج چکے ہیں۔
گزشتہ روز ملتان سے پیپلز پارٹی کے علی گیلانی نے بھی اپنا استعفی پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو کو بھیجا تھا۔