اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2020 01:11pm

وزیرخارجہ نےبھارتی پالیسیوں کو خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ قرار دے دیا

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی پالیسیوں کو خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ڈوزئیر کے ذریعے دہشتگرد کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس اور ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے پیش کر دیئے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت علاقائی سلامتی اور ملکی ترجیحات کے حوالے سے مشاورتی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں معاون خصوصی قومی سلامتی معید یوسف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، اعلیٰ عسکری حکام اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کورونا وبائی چیلنج ، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور بھارتی یکطرفہ پالیسیوں کے باعث خطے کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کورونا چیلنج کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی پر تشدد کارروائیوں کےتسلسل کو انتہائی قابلِ تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشتگرد کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت دیئے، ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے پیش کر دیئےہیں،بھارت کی ہندوتوا سوچ پر مبنی پالیسیوں نے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام پورے خطے کیلئے انتہائی ناگزیر ہے، پاکستان افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت کے ساتھ ادا کرتا رہے گا۔

Read Comments