پی ڈی ایم جلسے ضرورکرے لیکن وقت کی نزاکت کوپیش نظررکھے،وزیرخارجہ
اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جلسوں کیخلاف نہیں، پی ڈی ایم جلسے ضرور کرے لیکن وقت کی نزاکت کو پیش نظر رکھے،پی ڈی ایم اس بوکھلاہٹ کا شکار ہے انہیں دکھائی دے رہا ہے کہ وہ بند گلی میں جا چکے ہیں ۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اہم بیان میں کہنا تھا کہ کورونا وبا ءکی دوسری لہر خطرناک حد تک آگے بڑھ رہی ہے، لاہور میں کرونا متاثرین کی شرح 10 فیصد کو چھو رہی ہے،اس صورت حال میں پی ڈی ایم لاہور میں جلسہ کرنے جا رہی ہے، اگر ہم انسانی جانوں کو لاحق خطرات کو دیکھیں تو یہ وقت جلسوں کا نہیں۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم جلسے کرے لیکن وقت کی نزاکت کو پیش نظر رکھے،سیاسی افراتفری اور داخلی عدم استحکام کا ماحول ہمارے لئے اچھا نہیں، پی ڈی ایم بوکھلاہٹ کا شکار ہے،وہ بند گلی میں جا چکے،پی ڈی ایم کو اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں واضح اختلاف دکھائی دے رہا ہے، ایک بڑا طبقہ استعفوں کا آپشن استعمال کرنے کے حق میں نہیں ہے، اگر یہ حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ہٹانے اور خود آنے کی کوشش کریں گے تو انہیں بھی کوئی تسلیم نہیں کرےگا،مذاکرات کو مشروط بنانے کی کوشش کی جائے تو وہ ڈائیلاگ نہیں بلکہ ڈکٹیشن شمار ہوتے ہیں، اپوزیشن کو ڈائیلاگ کی دعوت دی لیکن انہوں نے ہمارے ساتھ بیٹھنے سے انکار کر دیا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بی جے پی کی سرکار نے سیکولر ہندوستان کا چہرہ مسخ کر دیا ہے، آج کسان ان کیخلاف سراہا احتجاج ہیں اور بہت سی اپوزیشن پارٹیاں اس احتجاج میں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔