اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2020 12:24pm

لاہور کے جلسے سےحکومت کی جان نکلی ہوئی ہے،مریم نواز

لاہور:مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ لاہور کے جلسے سے حکومت کی جان نکلی ہوئی ہے،یہ تحریک اب حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی، قانون اور آئین کی باتیں حکومت کو زیب نہیں دیتیں، کسی حکومتی ترجمان کی بات کا جواب نہیں دینا چاہتی۔

جاتی امرا سے اسلام آباد روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ عوام پی ڈی ایم اور نواز شریف کی طرف اپنی نجات دیکھتے ہیں، لاہور کے جلسے سے حکومت کی جان نکلی ہوئی ہے، کبھی سنا ہے کسی جلسے پر تین تین ہزار ایف آئی آر کٹی ہوں، اتنی ایف آئی آرز کاٹی گئیں کہ ان کا خوف نہیں رہا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ لاہور جس طرح سے کل نکلا پوری دنیا نے دیکھا،حکومت اب خود جانے والی ہے ان مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں،اس کی ایف آئی آر کہیں اسٹینڈ نہیں کرتی، مریم نواز ہو یا کوئی اوریہ تحریک کبھی نہیں رکے گی، یہ تحریک حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔

ن لیگ کی نائب صد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں ساری آپشنز زیر غور ہیں، کچھ چیزوں پر کافی بحث ہو چکی ہے ، آج کی میٹنگ اہم ہے،اس تحریک کو عوام لیڈ کر رہی ہے یہ عوام کی تحریک ہے، یہ عوام کو مشکلات سے نکالنے کی تحریک ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ قانون اور آئین کی باتیں حکومت کو زیب نہیں دیتیں، کسی حکومتی ترجمان کی بات کا جواب نہیں دینا چاہتی۔

Read Comments