اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2020 12:22pm

منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اشتہاری قرار

لاہور :احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دے دیا ۔

لاہورکی احتساب عدالت میں شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی،مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

جج احتساب عدالت نے کہا کہ نصرت شہباز کو دی گئی30 روز کی مہلت ختم ہوچکی ہے، بار بار طلبی کے نوٹسز بھجوانے کے باوجود نصرت شہباز پیش نہیں ہوئیں،آج مہلت کے 30 روز مکمل ہونے پر نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دیا جاتا ہے۔

ایسوسی ایٹ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز سپریم کورٹ میں مصروف ہیں ،جس پر جج احتساب عدالت نے کہا کہ ایسے تو یہ کیس کبھی مکمل نہ ہوگا۔

احتساب عدالت کے جج نے حکم دیا کہ نیب کے گواہوں پر ملزمان خود جرح کریں، 12 بجے تک فیصلہ کرلیں وہ خود جرح کریں گے یا نہیں۔ بعدازاں احتساب عدالت نے سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کردی۔

Read Comments