اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2020 09:29am

ن لیگی ایم پی اے چوہدری افتخارحسین چھچھر اسمبلی رکنیت سےمستعفیٰ

ساہیوال:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ممبر صوبائی اسمبلی اور جنرل سیکرٹری ساہیوال ڈویژن چوہدری افتخارحسین چھچھر نے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

اوکاڑہ پی پی 184 سے منتخب لیگی ایم پی اے چوہدری افتخار حسین چھچھر نے اپنا تحریری استعفی اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کو دے دیا، لیگی ایم پی اے نے یہ استعفی پارٹی پالیسی کے تحت دیا۔

پہلے مستعفی ہونے والے ایم پی اے چوہدری افتخار حسین چھچھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپنی نااہلی اور انتقامی کاروائیوں کے ذریعے عوام کا جینا محال کردیا ہے، غریب لوگ غریب تر ہوگئے ہیں، بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور عوام کے کھانے کیلئے 2وقت کی روٹی سے محروم ہے، عمران حکومت اور ان کے نااہل وزراء نے ملک میں نیب کے ذریعے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے۔

ن لیگی ایم پی اے نے مزید کہا کہ میرا استعفی بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا کارکن حکومت کے خلاف دما دم مست قلندر کرنے کیلئے بیتاب ہیں، پی ڈی ایم کا جلسہ لاہور میں ٹھاٹھیں مارتا سمندر اپنے قائد میاں نواز شریف کی گناہی ثابت کرے گا۔

چوہدری افتخار حسین چھچھر نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت گھبراہٹ کا شکار ہوکر اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے, خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے۔

Read Comments