محمد عامر کا تباہ کن اسپیل، گلیڈی ایٹرز نے پہلی فتح حاصل کرلی
ہمبنٹوٹا: لنکن پریمیئر لیگ کے 14 ویں میچ میں گال گلیڈی ایٹرز نے شاندار کھیل پیش کرکے کولمبو کنگز کو آؤٹ کلاس کردیا اور ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں کولمبو نے ٹاس جیت کر پہلے باری لی اور مقررہ اوورز میں 171 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی۔ کنگز کے بیل ڈرمونڈ نے 44، چندی مل نے 35، ڈی سلوا نے 27 اور اودانا نے 21 رنز اسکور کئے۔
گال گلیڈی ایٹرز کے محمد عامر نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ سنڈاکین نے 3 اور لکشن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
گال گلیڈی ایٹرز نے 172 رنز کا مطلوبہ ہدف 18 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ احسان علی نے 56، گوناتھیلاکا نے 38 اور راجاپکسے نے 37 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ اعظم خان نے 16 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 35 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کنگز کے قیص احمد اور پرساد ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
محمد عامر کو 4 اوورز کے کوٹے میں 26 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا ہیرو قرار دیا گیا۔