کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ،قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے،اجلاس میں کورونا ایس او پی کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کیلئے عسکری و سول قیادت نے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
کوروناایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے جبکہ سمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن والے علاقوں میں آمد و رفت کو مزید محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے الوداعی ملاقات کی۔
اس سے قبل لاہور میں گل داؤدی کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ غیر قانونی اجتماعات کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کے تحت گل داؤدی کی نمائش کی اجازت دی گئی ہے۔