لنکن پریمیئر لیگ: گال گلیڈی ایٹرز کو مسلسل پانچویں شکست
ہمبنٹوٹا: لنکن پریمیئر لیگ گال گلیڈی ایٹرز کیلئے ڈراؤنا خواب بن گئی، مسلسل پانچویں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دمبولا وائکنگز نے گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے ہرادیا۔
ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں گلیڈئی ایٹرز کی ٹیم 208 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 198 رنز بناسکی۔ گوناتھیلاکا کے 78 اور اعظم خان کی تیز رفتار 55 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔ ایک موقع پر لگتا تھا کہ گلیڈی ایٹرز میچ جیت جائیں گے مگر وائکنگز کے انور علی نے اپنے آخری 2 اوورز میں محض 14 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دمبولا کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 207 رنز بنائے تھے۔ تھرنگا نے 77 اور ڈکویلا نے 60 رنز کی اننگز کھیلی تھیں۔
میچ وننگ اسپیل پر انور علی کو میچ کا ہیرو قرار دیا گیا۔
Read Comments