Aaj Logo

شائع 17 ستمبر 2019 06:27pm

قائداعظم ٹرافی کا پہلا راؤنڈ مکمل، تمام میچز ڈرا ہوگئے

قائداعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ کا کھیل مکمل ہوگیا۔ کراچی، لاہور اور ایبٹ آباد میں ہونے والے تینوں میچز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔

ایبٹ آباد میں فالو آن کا شکار ہونے والی ناردرن کرکٹ ٹیم آصف علی اور محمد نواز کی سنچریوں کی بدولت خیبر پختونخوا کے خلاف میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

ناردرن کرکٹ ٹیم نے بطور مہمان ٹیم ٹاس کئے بغیر باؤلنگ کا اعلان کیا تھا۔ خیبر پختونخوا نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 526 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔

کپتان محمد رضوان 176 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شاداب خان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ میچ کے اختتام تک سدرن پنجاب نے دوسری اننگز میں 107 رنز بنائے۔

اس سے قبل سینٹرل پنجاب نے میچ کے آخری روز 348 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا۔ پوری ٹیم 473 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کھیل کے پہلے روز سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ سمیع اسلم کے 243 رنز کی بدولت سدرن پنجاب نے 467 رنز بنائے تھے۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا گیا میچ بھی بے نیتجہ رہا۔ سندھ کی جانب سے اسکور کیے گئے 473 رنز کے جواب میں بلوچستان کرکٹ ٹیم نے 355 رنز بنائے اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھےکہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ امام الحق 152 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بلوچستان ٹیم نے نوٹاس قانون کا استعمال کرتے ہوئے پہلے باؤلنگ کی  تھی، عابد علی کے ناقابل شکست 249 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

Read Comments