کرک میں پولیس موبائل پر حملہ، 5 اہلکار شہید
کرک کے علاقے گرگری کی امان کوٹ میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار موقع پر شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ سورکمر کے مقام پر معمول کے گشت کے دوران کیا گیا۔
حادثے کے فوراً بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
شہید ہونے والے اہلکاروں کی میتیں سول ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ شہداء میں شاہد اقبال، صفدر، عارف، سمیع اور محمد ابرار شامل ہیں۔
پولیس نے علاقے کے حساس مقامات پر مزید گشت بڑھا دیا ہے اور حملے میں ملوث افراد کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
یہ واقعہ مقامی امن و امان کے لیے خطرے کی گھنٹی تصور کیا جا رہا ہے اور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں اور کسی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو دیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس موبائل پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
گورنر نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
گورنر نے کہا کہ پولیس موبائل پر حملہ انتہائی افسوسناک اور انسانیت دشمن اقدام ہے اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیام امن کے لیے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور حکومت و سیکیورٹی ادارے اس قسم کے دہشت گردانہ حملوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھیں گے۔












