گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات ملتوی
الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان میں شدید سردی اور سخت موسمی حالات کے پیشِ نظر 24 جنوری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے زیرِ اہتمام عام انتخابات سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اجلاس میں سیاسی جماعتوں کی کثرتِ رائے سے کیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کے مطابق جنوری میں سرد موسم کے باعث پولنگ کا انعقاد ممکن نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو اس صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف سیاسی جماعتوں نے جنوری میں انتخابات پر اختلاف کیا تھا، اس لیے الیکشن شیڈول واپس لیا جارہا ہے۔
انتخابات کی نئی تاریخ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ موسم بہتر ہونے پر نئی تاریخ اور انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گلگت بلتستان کے عام انتخابات کے لیے 24 جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی، تاہم اب سرد موسم کے باعث انتخابات کو ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔














