برطانیہ نے پاکستانی یو ٹیوبر رجب بٹ کو ڈی پورٹ کر دیا

عدالت نے جوئے کی ایپس کی تشہیر اور سائبر کرائم کیسز میں رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔
اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2025 06:17pm

برطانیہ نے پاکستانی یو ٹیوبر رجب بٹ کا ویزہ منسوخ کرتے ہوئے انہیں ڈی پورٹ کر دیا ہے۔ رجب بٹ آج صبح کی پرواز سے پاکستان روانہ ہوئے ہیں۔ دوسری جانب عدالت نےگیمبلنگ ایپ اور سائبر کرائم کےکیسز میں یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔

برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ کا ویزا منسوخ کرکے ڈی پورٹ کردیا ہے۔ رجب بٹ کے ویزا کی منسوخی کی وجہ انکی جانب سے جمع کرائی گئی نامکمل دستاویزات بتائی جارہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ رجب بٹ کے خلاف پاکستان میں درج مقدمات کو ویزا اپلیکیشن میں ظاہرنہ کرنے پر برطانیہ میں انکا ویزا منسوخ کیا گیا۔

اُدھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے گیمبلنگ ایپ اور سائبر کرائم کے کیسز میں یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والاکی کل تک کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد ائیرپورٹ پر گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

جسٹس راجا انعام امین منہاس نے احکامات جاری کرتے ہوئے رجب بٹ اور ندیم نانی والا کو عدالت میں پیش ہونےکی ہدایت کی ہے۔ دونوں ملزمان کےخلاف سائبر کرائم سمیت دیگر مقدمات درج ہیں۔

رجب بٹ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں ایف آئی آر درج ہے، جس میں ان پر سوشل میڈیا پر غیرقانونی جوا ایپس کی تشہیر کا الزام ہے ۔ ایف آئی آر کے مطابق یہ ایپس صارفین کو لوٹنے میں ملوث تھیں اور رجب بٹ نے مبینہ طور پر اپنی ویڈیوز میں ان کی پروموشن کی۔

اس سے قبل رجب بٹ کے خلاف لاہور میں توہینِ مذہب اور سائبر کرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوچکا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انکی لانچ کردہ پرفیوم ’295‘ نے مذہبی عقائد کی توہین اور اشتعال پیدا کیا۔ گزشتہ سال دسمبر میں انہیں اپنے گھر میں غیرقانونی اسلحہ اور شیر کا بچہ رکھنے کے الزام میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستانی حکومت برطانیہ سے مطلوب افراد کی حوالگی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی سمیت اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی حکومت کی جانب سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی شہریوں شہزاد اکبر اور عادل راجا کے ایکسٹریڈیشن سے متعلق دستاویزات بھی برطانیہ کے حوالے کی گئ ہیں اور انکی حوالگی کا باضابطہ مطالبہ کیا گیا ہے۔

rajab butt

Uk Home department

Youtuber Rajab Butt

Rajab Butt Deported

Rajab Butt Visa Cancel