9 مئی مقدمات: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت میں توسیع
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف 9 مئی اور دیگر پانچ مقدمات میں گرفتاری روکنے کا حکم 23 دسمبر تک بڑھا دیا ہے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں بھی توسیع کی ہے اور آئندہ سماعت میں انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی سمیت دیگر پانچ مقدمات کی سماعت کی۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی عدم موجودگی کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہیں سن سکے اور سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
موجودہ حکم کے تحت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کر دی گئی ہے اور آئندہ سماعت میں عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف 9 مئی کے واقعات، اقدام قتل اور جعلی رسیدوں سمیت دیگر مقدمات درج ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ جعلی رسیدیں جمع کروانے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
عدالت کے اس فیصلے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہل خانہ کی گرفتاری 23 دسمبر تک نہیں ہو سکے گی۔













