پولنگ عمل مکمل ہونے سے پہلے ہی فارم 45 اور 46 سامنے آ گئے، آزاد امیدوار رانا عدنان کا الزام
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 104 فیصل آباد میں آزاد امیدوار رانا عدنان نے الزام عائد کیا ہے کہ پولنگ عمل مکمل ہونے سے پہلے ہی فارم 45 اور 46 سامنے آ گئے، جس پر انہوں نے الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت ارسال کر دی ہے۔
این اے 104 فیصل آباد سے اطلاعات ہیں کہ فارم 45 گنتی شروع ہونے سے قبل ہی منظرِ عام پر آگئے۔ آزاد امیدوار رانا عدنان کے مطابق پولنگ ایجنٹس سے فارم 45 پر قبل از وقت دستخط کروائے گئے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ انہوں نے فارم پولنگ اسٹیشن سے ہی پکڑے ہیں۔
رانا عدنان کا کہنا ہے کہ پولنگ ایجنٹس سے زبردستی فارم پر دستخط کرائے جارہے تھے، جس پر انہوں نے باقاعدہ تحریری شکایت الیکشن کمیشن کو بھجوادی ہے۔
ادھر فیصل آباد کے پولنگ اسٹیشن نمبر 236 پر پولنگ روکے جانے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ وقت ختم ہونے سے پہلے ہی فارم 45 اور 46 سامنے آنے سے متعلق مختلف پولنگ اسٹیشنز پر شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
نمائندہ آج نیوز عظیم شہزاد کے مطابق اس معاملے پر مزید تفصیلات بھی سامنے آ رہی ہیں، جنہیں الیکشن کمیشن نے اپنے ریکارڈ کا حصہ بنانا شروع کر دیا ہے۔












