Aaj News

ریاض میں وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دو طرفہ تجارت اور کاروباری معاملات پر تبادلہ خیال

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
شائع 27 اکتوبر 2025 11:28pm

سعودی عرب میں وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں پاکستان و سعودی عرب کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ پر گفتگو ہوئی ہے۔

قصرِ یمامہ ریاض پہنچنے پر شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا پُرتپاک استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تجارت اور کاروباری معاملات کو فروغ دینے کیلئے بات چیت کی گئی ہے۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔

واضح رہے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کی نویں کانفرنس میں شرکت کے لیے وفد کے ہمراہ آج ریاض پہنچے ہیں۔

کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر شہزاہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور بلال بن ثاقب وزیرِ اعظم کے ہمراہ اعلی سطح وفد میں شریک ہیں۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

Riyadh

shahbaz sharif

Mohammed bin Salman

MeetUp