Aaj News

وزیراعظم آزاد کشمیر کا قانون ساز اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا عندیہ

عدمِ اعتماد جمہوریت کا حسن ہے، جب تک میرے پاس قلم کا اختیار ہے میں اپنے فرائض سرانجام دیتا رہوں گا، چوہدری انوار الحق
اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2025 09:29pm

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے قانون ساز اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مظفرآباد میں اپنی رہائش گاہ پر مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد کے صدر سجاد قیوم میر سمیت ملاقات کرنے والے دیگر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری انوار الحق نے کہا کہ میں جس گھر میں پیدا ہوا ہوں اپنی ذات کی خاطر اسے آگ نہیں لگا سکتا۔

چوہدری انوار نے کہا کہ عدم اعتماد جمہوریت کا حسن ہے اگر کسی کے پاس نمبر گیم پوری ہے تو عدم اعتماد کیوں نہیں لاتے؟

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھ کر خود ہی میری پریس کانفرنس بلاتے ہیں اور خود ہی ملتوی بھی کر دیتے ہیں جب تک میرے پاس قلم کا اختیار ہے میں اپنے فرائض سرانجام دیتا رہوں گا۔

وزارتِ عظمیٰ کے منصب سے مستعفی ہونے کے سوال کا جواب دینے کے بجائے وزیراعظم آزاد کشمیر مُسکرا دیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں اکیلا آیا تھا، آج دوستوں میں کھڑا ہوں اور میں واحد وزیراعظم ہوں جس نے خزانہ بھرا اور کبھی خالی نہیں کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ میں جلد پریس کانفرنس کروں گا جس میں تفصیلی بات ہوگی، میں اپنی کاکردگی پر مطمئن ہوں، اللہ نے مجھے کامیاب کیا، اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔

AAJ News Whatsapp

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں وزیراعظم تبدیل کرنے کا آخری دور شروع ہونے کا امکان ہے۔ْ

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد تیار کر لی گئی ہے، جس پر اراکین سے دستخط کرا لیے گئے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد پر مطلوبہ تعداد میں اراکین کے دستخط موجود ہیں۔

پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کسی بھی وقت جمع کرانے کا امکان ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیپلزپارٹی نے تیار کی ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر نئے شامل ہونے والے ایم ایل ایز کے دستخط موجود ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے گزشتہ روز آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

azad kashmir assembly

chaudhry anwar ul haq

Azaad Kashmir Governemt