Aaj News

پی ٹی آئی کے 27 ستمبر جلسے میں بدنظمی پر تحقیقاتی رپورٹ مکمل، ذمہ دار کون؟

رپورٹ پارٹی قیادت کو پیش کر دی گئی ہے، جس کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے
شائع 07 اکتوبر 2025 12:54pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کو ہوئے پشاور جلسے میں بدانتظامی اور بدنظمی کے واقعات پر قائم فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کرلی ہے، جس میں ناقص انتظامات، غیر واضح کمانڈ سسٹم اور بعض پارٹی عہدیداران کے غیر ذمہ دارانہ رویے کو جلسے کی بدنظمی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جلسے کے انتظامات میں ضلعی تنظیم کو کوئی باضابطہ کردار نہیں دیا گیا، جس کے باعث مختلف گروپس نے اپنی اپنی سطح پر انتظامات کیے اور کمانڈ سسٹم غیر واضح رہا۔ اس صورتحال سے موقع پر بدنظمی پیدا ہوئی اور کارکنان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جلسہ گاہ میں صفائی کے ناقص انتظامات تھے، جگہ جگہ دھول، کچرا اور بدبو نے شرکا کو پریشان کیے رکھا، جبکہ آوارہ کتوں کی موجودگی سے شرکاء کو خطرہ لاحق رہا۔ رپورٹ میں پولیس اہلکاروں کے رویے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے، جنہوں نے خواتین، صحافیوں اور کارکنوں سے غیر اخلاقی سلوک کیا۔

AAJ News Whatsapp

رپورٹ کے مطابق انتظامی سہولیات ناکافی تھیں، داخلی راستے غیر واضح تھے اور شرکا کو کسی قسم کی رہنمائی فراہم نہیں کی گئی۔ اسٹیج مینجمنٹ بھی متعدد گروپس کے سپرد ہونے کی وجہ سے انتشار کا شکار رہی۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان فراز مغل کو بھی ذمہ دار قرار دیا ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر 100 سے زائد ریڈ پاسز جاری کیے اور پارٹی رہنماؤں و کارکنوں سے بدسلوکی کی۔ کمیٹی کے مطابق کچھ پولیس اہلکاروں نے خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔

مزید برآں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین تحصیل متھرا انعام اللہ کے سخت رویے پر کارکنوں میں ناراضی پھیلی، اور جلسے کے دوران وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی تقریر کے وقت اسٹیج پر جوتے اور بوتلیں پھینکی گئیں، جس سے صورتحال مزید بگڑ گئی۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ پارٹی قیادت کو پیش کر دی گئی ہے، جس کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی پر غور کیا جائے گا۔

Fact Finding Report

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

PTI Peshawar Jalsa