Aaj News

ہنزہ میں گلیشیئرز پگھلنے سے شاہراہ قراقرم بند، پاک چین زمینی رابطہ منقطع ہو گیا

سیاحوں سمیت مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا
اپ ڈیٹ 08 اگست 2025 12:43pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہنزہ میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث دریائے ہنزہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں مورخون اور گرچہ کے مقامات پر شاہراہِ قراقرم کو شدید نقصان پہنچا، سڑک بند ہونے سے پاکستان اور چین کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث دریائے ہنزہ میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس سے علاقے میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

مورخون کے مقام پر شاہراہ قراقرم دریائی کٹاؤ کے باعث مکمل طور پر بند ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان اور چین کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

شاہراہ قراقرم پر ہر قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے اور مقامی افراد کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

وادی ہنزہ کے مختلف ندی نالوں اور دریاؤں میں شدید طغیانی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے دریاؤں کے اطراف میں آباد آبادیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر گلیشیئرز کا پگھلاؤ اسی رفتار سے جاری رہا تو اگلے چند دنوں میں مزید سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔

گلگت بلتستان میں سیلاب کے بعد تباہی کے اثرات بدستور قائم

گلگت بلتستان میں سیلاب کے بعد تباہی کے اثرات بدستور قائم ہیں، گلگت-شندور روڈ بارہ روز بعد بھی مکمل طور پر بند ہے۔ تحصیل پھنڈر اور گوپس کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ بدستور منقطع ہے، جس کے باعث مقامی آبادی خوراک و بنیادی اشیائے ضروریہ کی قلت کے خدشات سے دوچار ہے۔

سیلاب سے متاثرہ گلگت-چترال بین الصوبائی شاہراہ بھی ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود ٹریفک کے لیے بحال نہ ہو سکی۔

سڑکوں کی بندش کے باعث متاثرہ علاقوں کے مسافر کئی کلومیٹر طویل پہاڑی راستے پیدل طے کرنے پر مجبور ہیں۔ این ایچ اے نے متاثرہ شاہراہوں کی بحالی کا کام تو شروع کر دیا ہے۔

تاہم مقامی عوامی حلقے اس عمل میں غیر معمولی سستی پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ کام میں تیزی لائی جائے تاکہ رابطہ بحال ہو اور معمولات زندگی دوبارہ رواں ہو سکیں۔

KaraKoram HighWay

Climate Change Impact

Glacier Melting

Pakistan China Land Route

Hunza Flooding