Aaj News

سیلابی ریلے میں نجی چینل کی اینکر شوہر اور 3 بچوں سمیت بہہ گئیں

سرچ آپریشن کے دوران ملبے سے برآمد ہونے والے پرس میں متاثرہ افراد کے شناختی کارڈ اور نقدی موجود
اپ ڈیٹ 28 جولائ 2025 09:10am

ترجمان حکومت گلگت بلتستان نے نجی ٹیلی ویژن چینل کی اینکر کی فیملی سمیت 15 سیاحوں کے سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کی تصدیق کردی۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ کا کہنا ہے 21جولائی کو خیبر ٹی وی سے وابستہ خاتون اینکر ان کے شوہر اور تین بچے بابوسر کے علاقے میں آنے والے تباہ کن سیلابی ریلے میں بہہ کر لاپتہ ہوگئے۔

مقامی انتظامیہ اور رضاکاروں نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران ملبے سے ایک پرس برآمد ہوا، جس میں متاثرہ خاندان کے شناختی کارڈز اور نقد رقم موجود تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ شبانہ لیاقت، ان کے شوہر لیاقت اور تین بچوں کے لاپتا ہونےکے بارے میں لیاقت کے خاندان کی طرف سے شکایت سامنے آئی ہے۔

یہ واقعہ شدید بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اچانک سیلابی ریلے کے باعث پیش آیا، جس نے کئی خاندانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لاپتہ افراد کی تعداد دس سے زائد ہو سکتی ہے۔

ریسکیو ٹیمیں اور مقامی رضاکار اب بھی علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم خراب موسم اور دشوار گزار راستے امدادی کاموں میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سیلابی ملبے میں سرچ آپریشن میں سراغ رساں کتوں اور ڈرونز کی مدد بھی حاصل کی جارہی ہے۔

missing

Tv Anchor