سندھ میں خوفناک ٹریفک حادثات: کوچ الٹنے اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم سے 6 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
سندھ میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا۔ قومی شاہراہ پر گمبٹ کے قریب ایک مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد مسافر شدید زخمی ہو گئے، جن میں سے پانچ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ زخمیوں میں گدا حسین، شعیب شاہ، فرحان دانش اور دیگر شامل ہیں، تاہم جاں بحق افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ حادثے کے بعد کوچ الٹ کر سڑک کے کنارے جا گری، جس سے کئی مسافر بس میں پھنس گئے تھے۔
کراچی سے کینجھر جھیل جانے والی پکنک بس حادثے کا شکار، 6 افراد جاں بحق، 12 زخمی
دوسری جانب دادو کے علاقے میہڑ میں گاجی خاور روڈ پر ایک تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے دو موٹر سائیکلوں کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق تمام لاشوں کو میہڑ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا تھا، لوگ مدد کے لیے دوڑ پڑے مگر تصادم اتنا شدید تھا کہ چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
ٹریفک حادثات کی ان المناک وارداتوں نے شہریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ عوام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر تیز رفتاری اور لاپرواہی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔