Aaj News

کراچی سے کینجھر جھیل جانے والی جماعت اسلامی کی پکنک بس حادثے کا شکار، 6 افراد جاں بحق، 12 زخمی

لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد کراچی منتقل کیا جا رہا ہے
اپ ڈیٹ 20 جولائ 2025 11:45am
Thatta bus falls into ravine, 6 dead, 30 injured – Pakistan News

کراچی سے پکنک کیلئے کینجھر جھیل جانے والے افراد کی بس مکلی کے قریب الٹ گئی، حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بس سڑک سے نیچے گڑھے میں جاگری۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت ابرار، ارباب، بشر، رؤف، اسد اور احسان اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تمام لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال ٹھٹھہ منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

سندھ میں خوفناک ٹریفک حادثات: کوچ الٹنے اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم سے 6 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر ریسکیو کارروائیاں جاری رہیں، جب کہ گڑھے میں گری ہوئی بس کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری طلب کر لی گئی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق حادثے کا سبب تیز رفتاری بتایا جا رہا ہے۔

لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق بس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے، تاہم ان کی حالت کے بارے میں معلومات تاحال موصول نہیں ہو سکیں۔

حادثے کے حوالے سے ابتدائی اطلاعات تھیں کہ بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، تاہم لواحقین کے مطابق بس ایک جگہ کھائی کے قریب رکی تھی کہ اچانک لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وہ نیچے جا گری۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے حکام کے مطابق میتوں کی شناخت اور ابتدائی ضابطے کی کارروائی کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

حادثے کا شکار بس جماعت اسلامی کی یوسی سطح کی پکنک کے لیے کینجھر جھیل جا رہی تھی۔ بس میں سوار زخمی نوجوان زیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ رات دو بجے روانہ ہوئے تھے اور تقریباً رات چار بجے بس کھائی میں گر گئی۔ زیب کے مطابق بس میں 70 سے زائد افراد سوار تھے، جن میں کوئی خاتون شامل نہیں تھی۔ جاں بحق ہونے والوں میں پانچ دوست اور ایک کنڈیکٹر شامل تھا۔ زخمی زیب نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صبح ساڑھے سات بجے تک کوئی ریسکیو ٹیم موقع پر نہیں پہنچی، اور ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالا۔

حادثے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ڈی سی ٹھٹھہ کو فوری طور پر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے فوری رابطے اور مکمل تعاون کی تاکید کی ہے۔ مراد علی شاہ نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈرائیونگ میں احتیاط برتی جائے، کیونکہ لوگوں کی جانیں بہت قیمتی ہوتی ہیں۔‘

ادھر وزیراعلیٰ نے خیرپور میں کوچ حادثے پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

karachi accident

Karachi Heavy Traffic Accidents