Aaj News

کوہستان مالی کرپشن اسکینڈل: اعظم سواتی کی نیب میں پیشی، گھر کے ثبوت پیش کردیے

اعظم سواتی کے پہلے دیے گئے جواب پر نیب نے عدم اطمینان کا اظہار کردیا
شائع 17 جولائ 2025 06:56pm

کوہستان مالی کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی نیب خیبرپختونخوا میں پیش ہوئے اور گھر کے ثبوت پیش کردیے جبکہ اعظم سواتی کے پہلے دیے گئے جواب پر نیب نے عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کوہستان مالی اسکینڈل میں نیب آفس میں پیش ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق نیب خیبر پختونخوا کوہستان میں 40 ارب روپے سے زیادہ کرپشن کی تحقیقات کررہا ہے اور نیب نے اعظم سواتی کے پہلے دیے گئے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

نیب کے دفتر پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں اعظم سواتی نے کہا کہ مکان کے فروخت کی تمام دستاویزات نیب کے حوالے کردیں، کوہستان اسکینڈل میں کرپشن کرنے والوں اور کے پی کے وسائل کو نقصان پہنچانے والوں کو عبرت ناک سزا دی جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ آج پتہ چل جائے گا سینیٹ انتخابات پر کے پی حکومت کا اتفاق ہوگیا یا نہیں، بانی پی ٹی آئی نے جس طرح کہا تھا اسی طرح سینیٹ کے ٹکٹس تقسیم کیے گئے۔

اس دوران صحافی نے اعظم سواتی سے علی امین گنڈاپور کے احتجاج کے لیے 90 دن سے متعلق سوال کیا جس پر انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا اور چلے گئے۔

Azam Swati

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

nab kpk

kohistan corruption scandal

kohistan scandal