قلات میں فتنہ الہندوستان کے آلہ کاروں کی پھر دہشتگردی، مسافر کوچ پر فائرنگ سے 3 مسافر جاں بحق
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق قلات کے علاقے میں مسافر کوچ پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے جس کے نتیجے میں تین مسافر جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا، کئی مسافروں کی حالت نازک ہے، اسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بتایا ہے کہ قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق اور بچے سمیت 19 افراد زخمی ہو گئے۔
شاہد رند نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال قلات منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق ڈی ایچ کیو اسپتال قلات میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ کچھ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
شاہد رند کا کہنا ہے کہ ، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے واقعہ کی مذمت کی اور حملے کو بزدلانہ فعل قرار دیا اور کہا کہ قمیتی جانوں کا ضیاع قومی نقصان ہے۔
صدرِمملکت، محسن نقوی اور مریم نواز مسافر بس پر بزدلانہ دہشتگرد حملےکی شدید مذمت
صدر آصف زرداری نے مسافر بس پر بزدلانہ دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افسوسناک واقعے میں قیمتی جانی نقصان پردکھ کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بے گناہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت فعل ہے۔
صدرزرداری نے کہا کہ دہشت گرد امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، یہ انسانیت اور امن کے دشمن ہیں۔ قوم کی حمایت سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کریںگے، ریاست دہشتگردی کیخلاف کارروائی جاری رکھے گی، زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
صدر مملکت نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت بھی کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی مسافر بس پر فائرنگ اور حملے کی مذمت کرتے ہوئے 3 مسافروں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔ وزیرداخلہ نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے بھی اپنے بیان میں قلات میں مسافر بس پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ مریم نواز نے فائرنگ سے تین مسافروں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا۔
Aaj English













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔