ژوب میں 9 مسافروں کے قتل کا مقدمہ درج، کون کون سی دفعات شامل ہیں؟
بلوچستان کے ضلع ژوب میں 9 مسافروں کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ تھانہ لیویز کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
کاؤنٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ذرائع کے مطابق واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانہ ژوب میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا، مقدمہ ایس ایچ او لیویز تھانہ ڈب سرہ ڈھاکہ کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں جبکہ سی ٹی ڈی نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اجلاس
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے اجلاس کو ڈب سرہ ڈاکئی واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانےکی ہدایت کی، سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں معصوم جانوں کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گردوں کو ہر حال میں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور ان کا آخری حد تک تعاقب کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ لیویز اور پولیس کی حدود سے بالاتر ہو کر کارروائی کی جائے، دہشت گردوں کےخلاف بلاتاخیر اور فیصلہ کن ایکشن لیاجائےگا۔
سرفرازبگٹی نے کہا کہ امن دشمن عناصرکےساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، بلوچستان میں قانون کی عملداری پرکوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ کوئٹہ سے پنجاب جانے والی 2 مسافر کوچوں کو جمعرات (10 جولائی) کی شام 6 بجے کے قریب ژوب کے علاقے ڈب سرہ ڈھاکہ کے قریب مسلح افراد نے روک کر شناخت کے بعد 9 مسافروں کو اغوا کرکے قریب ہی پہاڑی علاقے میں لے جا کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا تاہم افسوس ناک واقعے میں شہید ہونے والے افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئیں تھیں۔
بلوچستان میں بسوں سے اتار کر بے دردی سے شہید کیے گئے 9 مسافروں کا تعلق لاہور، گجرات، خانیوال، گوجرانولہ، لودھراں اور مظفر گڑھ سے تھا، شہدا میں ضلع لودھراں کی تحصیل دنیاپور کے رہائشی 2 سگے بھائی جابر اور عثمان اپنے والد کے جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
شہید صابر حسین ولد محمد ریاض کا تعلق کامکی گوجرانولہ، شہید محمد آصف ولد سلطان کا تعلق چوک قریشی ڈیرہ غازی خان، شہید غلام سعید ولد غلام سرور کا تعلق خانیوال، شہید محمد جنید کا تعلق لاہور اور شہید محمد بلال ولد عبد الوحید کا تعلق اٹک جبکہ شہید بلاول کا تعلق گجرات سے تھا۔
Aaj English














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔