Aaj News

ریاست مخالف مواد: اسلام آباد کی عدالت کا 27 یوٹیوب چینلز کو بلاک کرنے کا حکم

مذکورہ یوٹیوب چینلز پر موجود مواد ”پیکا ایکٹ“ اور تعزیراتِ پاکستان کے تحت قابلِ سزا جرم کے زمرے میں آتا ہے، حکم نامہ
اپ ڈیٹ 08 جولائ 2025 03:34pm

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ریاست مخالف مواد پھیلانے پر 27 یوٹیوب چینلز کو فوری طور پر بلاک کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے یوٹیوب چینلز کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے بعد دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 2 جون کو ان چینلز کے خلاف ریاست مخالف مواد کی بنیاد پر انکوائری کا آغاز کیا تھا۔ عدالت نے ایف آئی اے کے انکوائری افسر کے دلائل اور دستیاب ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ سنایا۔

عدالت کے مطابق پیش کیے گئے شواہد سے واضح ہوتا ہے کہ مذکورہ یوٹیوب چینلز پر موجود مواد ”پیکا ایکٹ“ (Prevention of Electronic Crimes Act) اور تعزیراتِ پاکستان کے تحت قابلِ سزا جرم کے زمرے میں آتا ہے۔

حکم نامے میں یوٹیوب کے افسر انچارج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ان 27 چینلز کو بلاک کرنے کے اقدامات کرے تاکہ ملک میں ریاست مخالف پروپیگنڈے کا سدباب کیا جا سکے۔

islamabad session court

YouTube Channels Ban