Aaj News

کوئٹہ: جے یو آئی نے مائنز اینڈ منرل ایکٹ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا

ایکٹ کی بلوچستان اسمبلی سے منظوری قابل قبول نہیں، درخواست میں موقف مؤقف
اپ ڈیٹ 02 جولائ 2025 02:50pm
JUI Challenges Mines & Minerals Act in Balochistan High Court | Breaking News | Pakistan News

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بلوچستان اسمبلی سے منظور شدہ مائنز اینڈ منرل ایکٹ کے خلاف آئینی درخواست بلوچستان ہائی کورٹ میں دائر کر دی۔ یہ درخواست پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے دائر کی، جبکہ درخواست گزاروں میں جے یو آئی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالواسع اور خود سینیٹر کامران مرتضیٰ شامل ہیں۔

عدالت میں کیس کی پیروی ایڈووکیٹ عبدالمالک بلوچ، خلیل کاکڑ، عمران بلوچ اور عدنان شیخ کر رہے ہیں۔

درخواست دائر کرنے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالواسع اور سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مائنز اینڈ منرل ایکٹ کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی، کیونکہ اس ایکٹ کے نفاذ سے بلوچستان کے عوام اپنے ہی وسائل سے محروم ہو جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت بلوچستان کے عوام کے مفادات کا تحفظ کرے گی۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں اس بل کی منظوری کے دوران جے یو آئی کے اراکین سے دھوکہ کیا گیا۔ ان کے مطابق اسٹینڈنگ کمیٹی کی چیئرمین شپ جے یو آئی کے پاس تھی لیکن چیئرمین کی غیر موجودگی میں بل منظور کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کی معدنیات پر وفاق کا کوئی حق تسلیم نہیں کیا جائے گا، یہ وسائل بلوچستان کے عوام کے ہیں اور ان کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

بلوچستان

JUI

MINES AND MINERALS ACT