گوجرانوالہ: زہریلا کھانا دو معصوم زندگیاں نگل گیا، کبڈی پلیئر کی بیٹیاں جاں بحق
گوجرانوالہ کے علاقے ایمن آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں زہریلا کھانا کھانے سے انٹرنیشنل کبڈی پلیئر نوید پہلوان کی دو معصوم بیٹیاں جاں بحق ہو گئیں، جبکہ والدین سمیت تین بچے تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب گزشتہ شب نوید پہلوان نے اپنے بچوں کے ساتھ نجی فوڈ پوائنٹ سے کھانا تناول کیا۔ کچھ ہی دیر بعد اہلِ خانہ کی طبیعت بگڑ گئی اور سب کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔
بدقسمتی سے 7 سالہ نور فاطمہ اور 4 سالہ جنت جانبر نہ ہو سکیں اور دم توڑ گئیں، جبکہ نوید پہلوان، ان کی اہلیہ اور دیگر 3 بچے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ اور پولیس حرکت میں آ گئی ہے، اور فوڈ پوائنٹ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
زہریلا کھانا کھانے سے 2 کم سن بچیوں کی ہلاکت کے واقعے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ایکشن
ادھر گوجرانوالہ میں زہریلا کھانا کھانے سے دو کم سن بچیوں کی ہلاکت کے واقعے پر فوڈ اتھارٹی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے موڑ ایمن آباد میں کارروائی کی ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے دو فوڈ پوائنٹس کو سیل کر دیا اور وہاں موجود متعدد اشیائے خور و نوش کے سیمپلز حاصل کر لیے۔
منڈی بہاؤالدین: زہریلی چیز کھانے سے 3 طالبعلم جاں بحق، 13 کی حالت غیر
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائی لواحقین کی نشاندہی پر کی گئی، جنہوں نے ان فوڈ پوائنٹس سے زہریلا کھانا خریدنے کا الزام عائد کیا تھا۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے موقع پر موجود کیک، کریم، سرخ مرچ، خوردنی تیل اور چکن کے سیمپلز حاصل کرکے انہیں لیبارٹری تجزیے کے لیے روانہ کر دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مزید کارروائی لیبارٹری رپورٹس موصول ہونے کے بعد عمل میں لائی جائے گی، اور کسی بھی قسم کی غفلت یا ملاوٹ ثابت ہونے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Aaj English














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔