Aaj News

جیکب آباد میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ، جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا
اپ ڈیٹ 18 جون 2025 12:05pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

جیکب آباد میں ریلوے ٹریک پر زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ایس ایس پی جیکب آباد کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا۔

ایس ایس پی کے مطابق بم ڈسپوزل یونٹ دھماکے کی نوعیت جانچنے میں مصروف ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکا حادثاتی تھا یا کسی تخریبی کارروائی کا نتیجہ تھا ۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دھماکے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات میں مصروف ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

واقعے کے بعد ٹرین کی آمدورفت معطل کر دی گئی جبکہ متاثرہ ٹریک کی مرمت اور بحالی کے لیے ریلوے عملہ متحرک ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بوگیوں میں پھنسے مسافروں کو بحفاظت نکال لیا۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی مکمل بحالی میں چند گھنٹے لگ سکتے ہیں، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Blast

Train

Jacobabad

Search Operation

jaffar express

Railway Track