Aaj News

مبینہ پولیس مقابلے میں 4 منشیات فروش ہلاک، ریٹائرڈ پولیس اہلکار جاں بحق

ملزمان فرار ہوتے ہوئے ایک گاؤں میں داخل ہوئے اور وہاں ریٹائرڈ اہلکار کے گھر جا گھسے
شائع 03 جون 2025 01:37pm

کامونکی میں اینٹی نارکوٹکس فورس اور منشیات فروشوں کے درمیان مبینہ مقابلہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں چار منشیات فروش مارے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے ریٹائرڈ پولیس اہلکار تنویر جاں بحق جبکہ اس کی بہن زخمی ہو گئی۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب انٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات فروشوں کا پیچھا کیا، تو ملزمان فرار ہوتے ہوئے ایک گاؤں میں داخل ہوئے اور وہاں ریٹائرڈ اہلکار کے گھر جا گھسے۔ مقتول تنویر نے مزاحمت کی، جس پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

بعدازاں پولیس جب جائے وقوعہ پر پہنچی تو ملزمان سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں چاروں منشیات فروش مارے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق خیبر ایجنسی سے تھا اور وہ بڑی مقدار میں منشیات لے کر پشاور جا رہے تھے۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Anti narcotics force

Kamoke Police Encounter