خضدار: صمند چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، لیویز کے 4 جوان شہید
بلوچستان کے ضلع خضدار میں واقع صمند چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں لیویز فورس کے چار جوان مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق حملہ انتہائی منظم انداز میں متعدد مسلح افراد کی جانب سے کیا گیا، جنہوں نے اندھادھند فائرنگ کرتے ہوئے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ فورس کے بہادر جوانوں نے حملے کا دلیرانہ مقابلہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں چار جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہداء کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی، تاہم حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ چیک پوسٹ پر تعینات تھے اور آخری سانس تک دشمن کے سامنے ڈٹے رہے۔
چینی قونصلیٹ حملہ کیس: شواہد اور گواہوں کی عدم پیشی پر عدالت برہم، تفتیشی افسر کی سرزنش
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حساس اداروں نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ لیویز حکام نے واقعے کو دہشت گردی کی سنگین کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
بعد ازاں، خضدار میں دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید لیویز اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، لیویز کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی۔
نماز جنازہ میں جنرل آفیسر کمانڈنگ تینتیس ڈویژن میجر جنرل جواد احمد سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، شہدا کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔