Aaj News

پاکستان کی عسکری طاقت اور قوم کا اتحاد اس کا اصل ہتھیار ہے ،فواد چوہدری

بھارت کو جواب مل گیا، پاکستان ایک بار پھر سرخرو ہوا، اسد عمر
اپ ڈیٹ 13 مئ 2025 11:09am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر اور فواد چوہدری نے پاکستان کی عسکری کامیابیوں اور قومی اتحاد کو سراہتے ہوئے بھارت پر سخت تنقید کی ہے۔

لاہور میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت نے خواتین کو ٹارگٹ کر کے بزدلی کا مظاہرہ کیا، جبکہ پاکستان نے ملٹری بریکس پر مؤثر حملہ کر کے دنیا کو اپنا دفاعی عزم دکھا دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایئر فورس نے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے اور انڈین ایئر بیس کو تباہ کر دیا، جو بھارتی ایئر فورس کو پہنچنے والا اپنی نوعیت کا سب سے بڑا نقصان تھا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت پاکستان کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا کیونکہ پاکستان کی عسکری طاقت اور قومی اتحاد اس کا سب سے بڑا ہتھیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل جنون وہی ہوتا ہے جو عمل میں نظر آئے، اور پاکستان نے دنیا کو دکھا دیا کہ ہم دفاع میں کتنے سنجیدہ اور مضبوط ہیں اور پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، اللہ کے فضل سے پاکستان ایک بار پھر سرخرو ہوا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ 2019 میں بھی بھارت نے ایک حرکت کی تھی اور اس وقت بھارتی پائلٹ ابھینندن چائے پی کر واپس گیا تھا۔ اس بار بھارت نے بڑی حرکت کی تو نقصان بھی بڑا ہوا۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی پیشی

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں 9 مئی کے پُرتشدد واقعات سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کی عبوری ضمانتوں پر غور کیا گیا۔ عدالت نے سابق وزراء فواد چوہدری، عمر ایوب، اعظم سواتی، علی امتیاز اور دیگر کی عبوری ضمانت میں 16 جون تک توسیع کر دی۔

فواد چوہدری، اعظم سواتی اور علی امتیاز سمیت کئی رہنماؤں نے عدالت میں حاضری مکمل کروائی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم پیش نہ ہو سکیں۔ ان کے وکیل نے عدالت سے ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا کی، جس میں کہا گیا کہ علیمہ خانم ہائیکورٹ میں دیگر مقدمات میں مصروف ہیں۔ عدالت سے درخواست کی گئی کہ ان کی حاضری معافی منظور کی جائے۔

9 مئی کیس: کسی کو سازش کے الزام میں جیل میں نہ رکھیں، چیف جسٹس

پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی جانب سے بھی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں اور عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مقدمات کی سماعت کی اور ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 16 جون تک توسیع کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔

fawad chaudhry

pakistan army

ATC

Pakistan India Clash 2025

9 may case