Aaj News

سندھ: امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر ہندو برادری سڑکوں پر آگئی

ہندو برادری مسلسل اپنے کاروبار اور رشتہ داروں کو چھوڑ کر پڑوسی ملک بھارت روانہ ہورہی ہے، شرکا ریلی
شائع 26 جنوری 2025 01:34pm

سندھ کے ضلع جیکب آباد کے قصبے ٹُھل میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے ہندو برادری کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا۔ ہندو برادری کی جانب سے میونسپل کارپوریشن ٹھل سے پریس کلب ٹھل تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پرس کلب ٹھل پہنچی، جس میں ہندو برادری، سول سوسائٹی اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکا کا کہنا تھا کہ آئے روز چوری، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر وارداتیں بڑھ رہی ہیں، متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے کرائم کی روک تھام کیلئے کوئی بھی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔

شرکا نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال سنگین ہے جس کی وجہ سے ہندو برادری کے لوگ مسلسل اپنے کاروباراور رشتہ داروں کو چھوڑ کر پڑوسی ملک بھارت روانہ ہورہے ہیں، تاکہ اپنی اور اپنے پیاروں کی قیمتی جانیں سلامت رکھ سکیں۔

ہندو برادری، سول سوسائٹی اور شہریوں نے ایس ایس پی جیکب آباد سے ضلع جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں کرائم کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر کنٹرول کرنے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔