افغانستان کی مالی معاونت کیلئے ٹھوس اقدامات پر زور
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پرزوردیا ہے کہ افغانستان میں امن کی بحالی اور انسانی بنیادوں پر افغانوں کی مالی معاونت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں ۔ افغانستان میں خانہ جنگی، مہاجرین کی یلغار جیسے خطرات روکنے کے لیے جلد اقدامات کی ضرورت ہے ۔
وزارتِ خارجہ میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان وفود کی سطح پرمذاکرات ہوئے ۔ پاکستانی وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی جبکہ اطالوی وفد کی قیادت اٹلی کے وزیرخارجہ نے کی ۔
وزیرخارجہ نے کورونا کے دوران اٹلی میں قیمتی جانوں کے نقصان پراطالوی ہم منصب کے ساتھ اظہارتعزیت کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے کورونا کے پھیلاؤ کوروکنے میں کافی مدد ملی ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ،اٹلی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔ وزیر خارجہ نے اٹلی کی جی 20 کی صدارت سنبھالنے پر،اطالوی وزیرخارجہ کو مبارکباد دی ۔ جی 20 کی طرف سے افغانستان کی صورتحال پرکانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ خوش آئند ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری کوافغانستان میں امن اور انسانی بنیادوں پرافغانوں کی مالی معاونت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔
اطالوی وزیرخارجہ نے افغانستان سے انخلاء کے عمل میں اطالوی شہریوں کی معاونت پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اوراٹلی کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ پراتفاق کیا ۔ اور دو طرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا ۔ اٹلی کے وزیرخارجہ نے وزارت خارجہ کے سبزہ زار میں یادگاری پودا بھی لگایا ۔













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔