کراچی : بارش، 250 فیڈرز ٹرپ، کئی علاقوں کی بجلی غائب

بارش کے بعد کے الیکٹرک نے روشنیوں کے شہر کو 'بے الیکٹرک' کردیا۔...
شائع 03 ستمبر 2021 08:16pm

بارش کے بعد کے الیکٹرک نے روشنیوں کے شہر کو 'بے الیکٹرک' کردیا۔ چند بوندیں پڑتے ہی ڈھائی سو فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ نارتھ کراچی۔ ایف بی ایریا۔ گلشن اقبال۔ گلستان جوہر سمیت متعدد علاقوں کی بتی گل ہوگئی۔

کراچی میں برسات کے بعد کے الیکٹرک نے روشنیوں کےشہر کو 'بے الیکٹرک' کردیا۔

ادھر ٹپ ٹپ کرتی بوندیں گریں ۔ اُدھر کے الیکٹرک کا سسٹم بیٹھ گیا۔

متعدد علاقوں کی بتی گل ہوگئی۔ کے الیکٹرک کے 250 فیڈرزٹرپ کرگئے ۔

جس کے باعث نارتھ کراچی ۔، مسلم ٹاؤن۔ اورنگی، کورنگی۔ لیاری۔کھارادر۔ گلشن اقبال۔ گلستان جوہر سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

ملیر، ایئر پورٹ، سعدی ٹاؤن، پہلوان گوٹھ، شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر ڈیفنس، کلفٹن میں بھی بجلی رفو چکر ہوگئی۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق متعدد علاقوں کی بجلی بحال کردی گئی ہے۔

دوسری جانب نارتھ کراچی۔ گلشن اقبال،ملیر،گلستان جوہر سمیت مختلف مقامات پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ سڑکیں اور شاہراہیں جھیل کا منظر پیش کرتی رہیں۔

حیدری کا برساتی نالہ ابل پڑا۔ ناگن چورنگی پر اسکول وین پانی میں پھنسی رہی۔ سب سے زیادہ بارش سعدی ٹاؤن میں اکتالیس اعشاریہ دو ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

یونیورسٹی روڈ پر تینتیس اور نارتھ کراچی میں اٹھائیس ملی میٹر بارش ہوئی۔

شہرقائد میں بادلوں کی دھواں دھار اننگز نے انتظامیہ کوکلین بولڈ کردیا۔ شہر کی سڑکیں اور شاہراہیں برسات کے بعد تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔