ڈاکٹر سعد خالد نیاز کا تمغہ امتیاز واپس کرنے کا اعلان

معروف ماہر پیٹ و جگر ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کورونا وبا کے دوران...
شائع 02 ستمبر 2021 10:57pm

معروف ماہر پیٹ و جگر ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کورونا وبا کے دوران ڈاکٹرز کی خدمات اور قربانیوں کا حکومت کی جانب سے اعتراف نہ کرنے پر احتجاجی طور پر تمغہ امتیاز واپس کرنے کا اعلان کردیا۔

بیان کے مطابق ڈاکٹر سعد نیاز نے حکومت کی جانب سے طبی عملے کی کورونا کیخلاف خدمات کا اعتراف نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

صدر پاکستان کو لکھے گئے خط میں ڈاکٹر نیاز کا کہنا تھا کہ انہیں اس وقت شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب انکو آگاہ کیا گیا کہ کسی طبی عملے کے فرد کو کوئی اعزاز نہیں دیا جاسکتا۔

ڈاکٹر نیاز کا کہنا تھا کہ انہوں نے طبی عملے کی خدمات کے اعتراف پر حکومت پر زور دیا تھا اور درخواست کی تھی کہ آئندہ سال کورونا ہیروز کی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔

ڈاکٹر سعد نے سول اعزاز حاصل کرنے والے ایک سو چوبیس افراد کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ رواں سال صرف دو ڈاکٹرز کو سول اعزاز سے نوازا گیا جن میں صرف ایک ڈاکٹر نے کورونا سے متعلق خدمات سرانجام دی تھیں۔

ڈاکٹر سعد نے مزید کہا کہ وہ ملک کے طبی عملے کے نمائندگی کرتے ہوئے اپنا ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔