سی پیک کیخلاف ناپاک عزم رکھنے والوں کی شکست کیلئے پر عزم
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں متعین چین کے سفیر نے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے خلاف ناپاک عزائم رکھنے والوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں تعینات چین کے سفیرنے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی، افغانستان کی صورتحال اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر چینی سفیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ہے ۔
ملاقات میں چینی سفیر کا کہنا تھا کہ افغانستان کی حالیہ صورتحال میں پاکستان کا کردار کلیدی ہے۔ چین بحیثیت تذویراتی شراکت دار پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا ۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائے دفاع اور کشمیر نے جی ایچ کیو کا گزشتہ روز دورہ کیا تھا۔
دورے کے دوران پارلیمانی وفد کو سرحدی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے میں آرمی چیف نے علاقائی ربط کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مغربی علاقے میں سرحدی انتظام پر بروقت اقدامات اٹھائے ہیں ۔ بروقت اقدامات، تمام چیلنجز کے باوجود آج الحمدللہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں ۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے وفد سے خصوصی ملاقات میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک میں حالات معمول پر لانے میں بے مثال کامیابیاں حاصل کیں۔ وفد کو آرمی چیف نے مزید بتایا کہ مغربی سرحدوں پر بروقت انتظامات اور اقدامات کی وجہ سے آج چیلنجز کے باوجود پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں، ہم کسی بھی قسم کی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئیے تیار ہیں۔













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔