ای سی پی :مارچ دوہزار بائیس میں بلدیاتی الیکشن کی تجویز مسترد
الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت کی بلدیاتی انتخابات مارچ 2022 میں کرانے کی تجویزمسترد کردی ۔ بلوچستان حکومت کو تمام ضروری کاروائی مکمل کرکے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنرکی صدارت میں الیکشن کمیشن کے اجلاس میں وزیراعلی بلوچستان کے مشیر، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، سیکرٹریزلوکل گورنمنٹ بلوچستان وخیبرپختونخوا کے علاوہ الیکشن کمیشن اورصوبائی حکومتوں کے افسران نے شرکت کی ۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کیلئے اتھارٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ تاہم صوبائی حکومت کی طرف تفصیلات کی عدم فراہمی کےباعث حلقہ بندیوں کا کام شروع نہیں ہو سکا۔
مشیروزیراعلی بلوچستان نے بتایا کہ کابینہ میں لوکل گورنمنٹ الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے غورکیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی گورنمنٹ لوکل کونسلوں کے درجات کی اپ گریڈیشن کرنا چاہتی ہے۔ لوکل گورنمنٹ قوانین میں کچھ ترامیم کی ضرورت ہے۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے بتایا کہ صوبہ میں کورونا ، محرم کے ایام ، لاء اینڈ آرڈراورشمالی علاقہ جات کے موسمی حالات درپیش رہے، صوبائی حکومت مارچ 2022 میں انتخابات کروانا چاہتی ہے، اس پرچیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کے پی کے حکومت کی مارچ 2022 میں الیکشن کے انعقاد کی تجویزمسترد کردی ۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔