بلوچستان: وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے اپوزیشن ارکان تھانے پہنچ گئے
بلوچستان اسمبلی کےاپوزیشن ارکان وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف مقدمہ درج کرانے تھانہ بجلی روڈ پہنچ گئے۔
بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے کہا ہے کہ اٹھارہ جون کو اسمبلی کے اندر ممبران اسمبلی کو زخمی کرنے کے واقعے کے خلاف وزیر اعلی اور سابق ایس ایس پی کے خلاف مقدمہ درج نہ ہوا تو ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان اور سابق ایس ایس پی کےخلاف اندراج مقدمے کیلئے اپوزیشن ارکان تھانہ بجلی روڈ پہنچ گئے۔
اپوزیشن ارکان نے عدالت کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کا حکم نامہ پولیس اسٹیشن میں جمع کرایا،
تاہم پولیس نےفیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج ہونے کے باعث مقدمہ درج کرنے سے انکارکردیا۔
بلوچستان اسمبلی کے بجٹ سیشن کے دوران ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں اپوزیشن کے پندرہ ارکان کے خلاف تھانہ بجلی روڈ میں مقدمہ کردیا گیا تھا جس کے بعد اپوزیشن ارکان نے گرفتاریاں دینے کیلئے ایک ہفتے تک تھانے میں دھرنا دیا تھا۔
اپوزیشن ارکان نے واقعے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا دو روز قبل سیشن کورٹ نے اپوزیشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے دفعہ بائیس اے کے تحت درخواست منظور کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔
اپوزیشن لیڈر ملک سکندر کی قیادت میں چھ ارکان اسمبلی نے تھانہ بجلی روڈ سے مقدمہ درج کرنے کیلئے رجوع کیا اور عدالتی حکم جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر نے کہا کہ اگر عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔
اپوزیشن ارکان کو بجٹ کے دن تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ڈرایا دھمکایا گیا جس کے بعد عدالت سے رجوع کیا گیا ۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔